سلیکٹ ٹیکنالوجیز لمیٹڈ کا آئی پی او 3.2 گنا زائد سبسکرائب ہوا اوربک بلڈنگ کا عمل 34 روپے فی شیئر کی اسٹرائیک پرائس پر کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا، جو 28 روپے فی شیئر کی فلور پرائس سے نمایاں طور پر زیادہ ہے۔ کمپنی نے بک بلڈنگ کے ذریعے 66.67 ملین عام حصص پیش کیے۔ سرمایہ کاروں کی یہ بھرپور دلچسپی پاکستان میں اسمارٹ ڈیوائسز اور کنزیومر الیکٹرانکس کی مقامی مینوفیکچرنگ صنعت اور کمپنی کے مستقبل کے ترقیاتی امکانات پر اعتماد کا اظہار ہے۔
سلیکٹ ٹیکنالوجیز لمیٹڈ، ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی ہے، جو پاکستان میں اسمارٹ فونز، اسمارٹ ٹی وی، ایئر کنڈیشنرز اور دیگر کنزیومر الیکٹرانکس مصنوعات کی تیاری اور اسمبلنگ سے وابستہ ہے۔ کمپنی مستقبل میں زیادہ منافع بخش کنزیومر ٹیکنالوجی اور ہوم اپلائنسز کے شعبوں میں اپنی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر مظفر حیات پراچہ نے کامیاب بک بلڈنگ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں کا شاندار ردعمل گروپ کے طویل المدتی وژن پر اعتماد کااظہار ہے۔
انہوں نے کہاکہ سلیکٹ ٹیکنالوجیز پاکستان میں اسمارٹ فونز، اسمارٹ ڈیوائسز اور کنزیومر الیکٹرانکس کی مضبوط مقامی مینوفیکچرنگ بنیاد قائم کرنے کے ہمارے عزم کی عکاس ہے۔ بک بلڈنگ کی کامیاب تکمیل ہماری کاروباری حکمتِ عملی اور شراکت داریوں پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
آئی پی او کے لیڈ منیجر اور بک رنر عارف حبیب لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد علی حبیب نے کہا کہ کامیاب بک بلڈنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ سرمایہ کار مضبوط بنیادوں اور تیزی سے ترقی کرنے والے شعبوں میں کام کرنے والی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سلیکٹ ٹیکنالوجیز کے آئی پی او کو ملنے والا مضبوط ردعمل پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ اور ان کمپنیوں پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی ہے جو درآمدی متبادل، صنعتی ترقی اور مقامی ویلیو ایڈیشن میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ہمیں اس اہم ٹرانزیکشن کا حصہ بننے پر خوشی ہے۔
کمپنی کے مطابق آئی پی او سے حاصل ہونے والی رقم مستقبل کے توسیعی منصوبوں کی تکمیل میں استعمال کی جائے گی، جس سے پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی کنزیومر ٹیکنالوجی مارکیٹ میں کمپنی کی مسابقتی پوزیشن مزید مستحکم ہوگی۔
Source link

Muhammad Ramzan is a Pakistani journalist, digital content creator, and blogger with 7 years of experience in online media. He writes clear, well-researched, and easy-to-read articles on Islamic topics, Ramadan initiatives, government welfare programs, and community issues. Known for his authentic and heartfelt style, he connects deeply with readers across Pakistan.




