دنیا کو یقین دلانے کیلئے تیار ہیں کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں بنا رہا، ایرانی صدر

WhatsApp Channel Join Now

ایران کے  صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران عالمی برادری کو یہ یقین دہانی کرانے کے لیے تیار ہے کہ وہ جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش نہیں کر رہا ہے اور نہ ہم خطے میں بدامنی چاہتے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اسلامی جمہوری ایران براڈکاسٹنگ (آئی آر آئی بی) کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ تہران سفارت کاری اورعلاقائی استحکام کے لیے پرعزم ہے اور مغربی ایشیا میں جنگ اور عدم تحفظ کا اصل سبب ایران نہیں بلکہ اسرائیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو یقین دلانے کے لیے تیار ہیں کہ ہم ایٹمی ہتھیار بنانے کے خواہاں نہیں ہیں اور نہ ہی خطے میں بدامنی چاہتے ہیں، اصل مسئلہ اسرائیل کی حکومت ہے جو ہر موقعے کو جنگ اور عدم استحکام برقرار رکھنے کے لیے استعمال کرتی ہے۔

امریکا سے جنگ کے خاتمے کے لیے جاری مذاکرات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی مذاکرات کار ملک کی عزت اور وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

ایرانی حکام کے مطابق ایران جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کے تحت توانائی کی پیداوار، طبی تحقیق اور سائنسی ترقی کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال کا قانونی حق رکھتا ہے جبکہ امریکا اور اس کے مغربی اتحادی ایران پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ جوہری ہتھیار بنانے کے لیے ٹیکنیکل صلاحیت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

دوسری جانب ایران مسلسل امریکا اور دیگر ممالک کے اس الزام کو مسترد کرتا آیا ہے کہ وہ کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا خواہاں نہیں ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ جوہری ہتھیاروں پر پابندی کے شہید لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے فتویٰ کے ساتھ ساتھ ملک کی پالیسیاں اس معاملے پر واضح اور فیصلہ کن ہیں۔

خیال رہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے عالمی برادری کو مخاطب کرکے یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کے لیے جاری مذاکرات 14 نکات پر حتمی شکل اختیار کرنے کے قریب ہیں، جس کے باعث دونوں فریقین کے درمیان جنگ کا خاتمہ اور خطے میں جاری کشیدگی میں کمی کی امید ہے۔

ہاکستان کی ثالثی میں جاری مذاکرات کے سلسلے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دو روز قبل ایران کا اہم دورہ کیا تھا، جس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ مذاکرات کے حوالے سے حوصلہ پیش رفت ہوئی ہے۔

Source link

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

error: Content is protected !!
Scroll to Top