اسلام آباد:
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریزن وین سے 14 قیدی فرار ہوگئے، پولیس نے چار کو دوبارہ پکڑلیا دس کی تلاش جاری ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کے علاقے چکیاں اسٹاپ کے قریب اڈیالہ جیل کی پریزن وین سے قیدیوں کے فرار ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق وین میں 34 قیدی سوار تھے جنہیں اڈیالہ جیل واپس منتقل کیا جارہا تھا کہ چکیاں اسٹاپ کے قریب 14 قیدی پراسرار طور پر وین سے فرار ہوگئے۔
پولیس نے چار قیدیوں کو دوبارہ پکڑلیا جبکہ دس قیدی تاحال فرار ہیں جنہیں پکڑنے کے لیے کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سینئر افسران کو فوری طور پر موقع پر پہنچ کر رپورٹ اور آپریشن کا حکم دے دیا۔
سی پی او کی ہدایت پر پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں جو بقیہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچنگ کررہی ہیں۔
راولپنڈی پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پولیس کے مطابق فرار ہوئے ملزمان زیر سماعت مقدمات کے ملزم ہیں، واقعہ سہالہ ضلع اسلام آباد کی حدود میں پیش آیا، متعلقہ پولیس سے کوآرڈینیشن جاری ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق وین میں قیدیوں کی آپس میں شدید لڑائی ہوئی جس کے بعد واقعہ پیش آیا۔
پنڈی پولیس نے کہا ہے کہ فرار قیدیوں کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی جب کہ واقعہ کے حوالے سے سینئر افسران کی زیر نگرانی تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے، ذمہ داران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

Muhammad Ramzan is a Pakistani journalist, digital content creator, and blogger with 7 years of experience in online media. He writes clear, well-researched, and easy-to-read articles on Islamic topics, Ramadan initiatives, government welfare programs, and community issues. Known for his authentic and heartfelt style, he connects deeply with readers across Pakistan.




