لاہور: ڈیفنس بی کے علاقے میں 65 لاکھ روپے مالیت کے زیورات چوری ہونے کے کیس کا معمہ حل کر لیا گیا، پولیس نے گھریلو ملازمہ اور اس کے منگیتر کو گرفتار کر کے مسروقہ زیورات برآمد کر لیے۔
پولیس کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ راحیلہ اقبال کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ ڈیفنس بی مصباح حفیظ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں گھریلو ملازمہ اور اس کا منگیتر شامل ہیں جن کے قبضے سے 65 لاکھ روپے مالیت کے 14 تولے سونے کے زیورات برآمد کر لیے گئے ہیں۔
ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ راحیلہ اقبال کے مطابق خاتون ملزمہ مدعی کے گھر میں ملازمت کرتی تھی اور اس نے اپنے منگیتر کے ساتھ مل کر چوری کی منصوبہ بندی کی۔ ملزمہ نے واردات سے قبل گھر میں نصب کیمرے بند کیے اور زیورات چوری کرنے کے بعد انہیں دیپال پور سے آئے اپنے ساتھی کے حوالے کر دیا۔ واردات کے بعد ملزمہ نے دوبارہ کیمرے آن کر دیے تاکہ شک نہ گزرے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا ہے۔

Muhammad Ramzan is a Pakistani journalist, digital content creator, and blogger with 7 years of experience in online media. He writes clear, well-researched, and easy-to-read articles on Islamic topics, Ramadan initiatives, government welfare programs, and community issues. Known for his authentic and heartfelt style, he connects deeply with readers across Pakistan.




