وزیرِ مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے تاجروں کو یقین دہانی کروائی ہے کہ آسان ٹیکس اسکیم لانے کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف تاجروں کے مطالبے پر غور کریں گے۔
اسلام آباد میں مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے وفد نے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سے ملاقات کی اور وفد نے بجٹ سے متعلق تجاویز پیش کیں اور اس دوران وزیرمملکت نے آسان ٹیکس اسکیم لانے کے تاجروں کے مطالبے پر غور کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری کی قیادت میں وفد نے ریٹیل اور ہول سیل کے لیے موزوں ریگولیٹری تجاویز کا جامع خاکہ پیش کیا اور کہا کہ بجٹ سے قبل تاجروں سے مشاورت کی حکومتی کاوش کا مقصد مشترکہ اور باہمی تعاون پر مبنی طریقہ کار کو یقینی بنانا ہے۔
وفد نے نظام کے اندر موجود رکاوٹوں کو دور کرنے، انتظامی معاملات کو آسان بنانے اور تاجر برادری کی طرف سے رضاکارانہ طور پر ٹیکس قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے سے متعلق سفارشات پیش کیں اور آئندہ بجٹ میں آسان ٹیکس اسکیم لانے کا مطالبہ کیا۔
تاجروں نے اپنے مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے مشاورت کے عمل کو سراہا اور اس ضمن میں خصوصی کاوشوں اور مسائل کے حل کے لیے مثبت کردار ادا کرنے پر وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے تاجروں کے مسائل کے حل اور کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے پختہ عزم اور اقدامات کا اعادہ کرتے ہوئے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں اور روزگار کی فراہمی میں تجارتی شعبے کے کلیدی کردار کو سراہا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ آسان ٹیکس اسکیم لانے کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف تاجروں کے مطالبے پر غور کریں گے۔
بلال اظہر کیانی نے تاجروں کی پیش کردہ تمام تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے جائزہ لے کر اقدامات کی بھی یقین دہانی کرائی تاکہ ریونیو کے حصول اور تجارتی ترقی کے درمیان توازن قائم رکھتے ہوئے اسٹریٹجک تعاون کو فروغ مل سکے۔
Source link

Muhammad Ramzan is a Pakistani journalist, digital content creator, and blogger with 7 years of experience in online media. He writes clear, well-researched, and easy-to-read articles on Islamic topics, Ramadan initiatives, government welfare programs, and community issues. Known for his authentic and heartfelt style, he connects deeply with readers across Pakistan.




