انسداد اسمگلنگ آپریشن کے دوران دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرکے خواتین سمیت 16 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 کارروائیوں کے دوران 7 خواتین، جن میں 2 تھائی شہری بھی شامل ہیں، سمیت مجموعی طور پر 16 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
اس سلسلے میں مختلف علاقوں میں کی گئی کارروائیوں میں 2 کروڑ 7 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 330.192 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق تعلیمی اداروں میں منشیات کی سپلائی روکنے کے لیے اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک مسافر بس میں سوار مرد اور خاتون کے قبضے سے 2 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔
دیگر کارروائیوں میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر ابوظبی جانے والی 2 تھائی خواتین کے سامان سے 1.878 کلوگرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ اسی ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ایک مرد اور خاتون کے سامان میں موجود کپڑوں میں جذب کی گئی 14.314 کلوگرام آئس بھی برآمد کر لی گئی۔
علاوہ ازیں کراچی کی شاہراہ فیصل پر واقع ایک کوریئر آفس میں آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل کی 14 مردانہ جیکٹس میں جذب کی گئی 16 کلوگرام آئس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ فیڈرل بی ایریا کراچی میں واقع کوریئر آفس سے اٹلی بھیجے جانے والے پارسل میں موجود جرابوں کے ڈبے میں چھپائی گئی 7 کلوگرام ہیروئن بھی برآمد کر لی گئی۔
اے این ایف نے مزید کارروائی کرتے ہوئے ملتان کے شیر شاہ ٹول پلازہ کے قریب ماربل سے لدے ایک ٹرک میں چھپائی گئی 226.80 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا، جبکہ شیخوپورہ ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 61.2 کلوگرام چرس برآمد کر کے 5 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
اسی طرح راوی ٹول پلازہ لاہور کے قریب 3 خواتین کے قبضے سے ایک کلوگرام آئس برآمد کی گئی اور ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Muhammad Ramzan is a Pakistani journalist, digital content creator, and blogger with 7 years of experience in online media. He writes clear, well-researched, and easy-to-read articles on Islamic topics, Ramadan initiatives, government welfare programs, and community issues. Known for his authentic and heartfelt style, he connects deeply with readers across Pakistan.




