آبنائے ہرمز میں جہازوں پر ایران کے ڈرون حملے جنگ بندی کی احمقانہ خلاف ورزی ہے؛ ٹرمپ

WhatsApp Channel Join Now

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر ایران کے مبینہ ڈرون حملوں کو جنگ بندی معاہدے کی احمقانہ خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں دعویٰ کیا کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر چار خودکش ڈرون داغے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ان میں سے ایک ڈرون ایک بڑے اور انتہائی مہنگے مال بردار جہاز کے اوپری حصے سے ٹکرایا جس سے جہاز کو نقصان پہنچا تاہم وہ اپنا سفر جاری رکھنے میں کامیاب رہا۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کے بقیہ 3 خودکش ڈرونز کو امریکی افواج نے فضا میں ہی مار گرایا۔ واضح طور پر یہ ہمارے جنگ بندی معاہدے کی ایک احمقانہ خلاف ورزی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق عمان کے قریب آبنائے ہرمز میں ایک سنگاپور کے پرچم بردار کارگو جہاز کو ڈرون حملے میں نقصان پہنچا۔ تمام عملہ محفوظ رہا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

حملے کے بعد اگرچہ کچھ تجارتی جہازوں نے احتیاطاً اپنی نقل و حرکت محدود کر دی لیکن بعد میں بحری ٹریفک بتدریج بحال ہونا شروع ہوگئی۔

ادھر ایران نے واقعے کے بعد ایک بار پھر مؤقف اختیار کیا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والی بحری آمدورفت پر نظر رکھنا اس کا حق ہے۔

ایران نے خلیجی ممالک پر بھی زور دیا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ ایسے اقدامات میں تعاون نہ کریں جو خطے میں کشیدگی کو بڑھا سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان حال ہی میں ایک مفاہمتی معاہدے کے تحت جنگ بندی نافذ ہوئی تھی اور دونوں ممالک نے کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات شروع کیے تھے۔

تاہم آبنائے ہرمز میں پیش آنے والے اس تازہ واقعے نے جنگ بندی کی پائیداری پر نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں جبکہ خلیجی ممالک بھی ایران کے میزائل اور ڈرون پروگرام سے متعلق اپنی تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔

 



Source link

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

error: Content is protected !!
Scroll to Top