فیفا ورلڈ کپ، مراکش نے ہیٹی کے خواب چکنا چور کر دیے، 4-2 سے کامیاب

WhatsApp Channel Join Now


ATLANTA:

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں مراکش نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہیٹی کو 2-4 سے شکست دے کر گروپ مرحلے کا اختتام فتح کے ساتھ کیا جبکہ ہیٹی اپنی تاریخ کا پہلا ورلڈ کپ پوائنٹ حاصل کرنے سے محروم رہ گیا۔

اٹلانٹا میں کھیلے گئے میچ میں عالمی رینکنگ میں 83ویں نمبر پر موجود ہیٹی نے حیران کن آغاز کیا اور 10ویں منٹ میں برتری حاصل کر لی۔

لینی جوزف کی کوشش مراکش کے گول کیپر یاسین بونو سے ٹکرا کر جال میں جا پہنچی تاہم یہ گول خود ساختہ قرار دیا گیا۔

مراکش نے 39ویں منٹ میں اشرف حکیمی کے ذریعے مقابلہ برابر کر دیا، لیکن ہیٹی نے ہمت نہ ہاری اور وقفے سے دو منٹ قبل ولسن اسیڈور نے 25 گز دور سے شاندار شاٹ لگا کر ٹورنامنٹ کے خوبصورت ترین گولز میں سے ایک اسکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو دوبارہ برتری دلائی۔

تاہم پہلے ہاف کے اضافی وقت میں اسماعیل صیباری نے گول کرکے اسکور 2-2 کر دیا اور مراکش کو میچ میں واپس لے آئے۔

دوسرے ہاف میں ہیٹی کے گول کیپر جانی پلیسائڈ نے کئی شاندار سیوز کرکے اپنی ٹیم کو مقابلے میں برقرار رکھا لیکن 78ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی سفیان رحیمی کی شاٹ مدافع ریکارڈو ایڈے سے لگ کر گول میں چلی گئی اور مراکش پہلی بار میچ میں آگے نکل گیا۔

میچ کے اختتامی لمحات میں گیسیم یاسین نے ایک اور گول کرکے مراکش کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔ یہ گول وی اے آر کی جانچ کے بعد برقرار رکھا گیا جس میں تصدیق ہوئی کہ سفیان رحیمی گیند کو لائن سے باہر جانے سے پہلے کھیل میں برقرار رکھنے میں کامیاب رہے تھے۔

اس کامیابی کے باوجود مراکش گروپ سی میں پہلی پوزیشن حاصل نہ کر سکا کیونکہ برازیل نے اپنے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو شکست دے کر سرفہرست مقام برقرار رکھا۔ مراکش اب ناک آؤٹ مرحلے میں نیدرلینڈز، جاپان یا سویڈن میں سے کسی ایک ٹیم کا سامنا کرے گا۔

دوسری جانب ہیٹی پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکا تھا تاہم اس نے مراکش کے خلاف شاندار مزاحمت کرکے اپنے مداحوں کے دل جیت لیے اور ورلڈ کپ میں اپنی مجموعی گول تعداد بھی دگنی کر دی۔



Source link

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

error: Content is protected !!
Scroll to Top