گرمیوں میں نکسیر پھوٹنے کا مسئلہ، ناک سے خون بہہ رہا ہو تو فوراً کیا کریں؟

WhatsApp Channel Join Now

موسمِ گرما کے آغاز کے ساتھ ہی جہاں دیگر طبی مسائل میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے، وہیں ناک سے خون بہنے یعنی نکسیر پھوٹنے کی شکایت بھی عام ہو جاتی ہے۔

شدید گرمی اور تپتی دھوپ میں اچانک ناک سے خون آنے پر اکثر افراد گھبراہٹ کا شکار ہو جاتے ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق زیادہ تر صورتوں میں یہ کیفیت فوری خطرناک نہیں ہوتی۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں نکسیر پھوٹنے کی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں، جن میں ناک کے اندر خشکی پیدا ہونا، طویل وقت تک ایئر کنڈیشنڈ ماحول میں رہنا، یا ناک کی نازک جھلی کا متاثر ہونا شامل ہے۔ اس کے علاوہ بعض افراد میں ہائی بلڈ پریشر اور ناک کی اندرونی سوزش بھی اس مسئلے کی بڑی وجہ بن سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق جب ناک سے خون بہنا شروع ہو جائے تو سب سے پہلے گھبرانے کے بجائے پرسکون رہنا چاہیے اور تیز چلنے یا بھاگنے سے گریز کرنا چاہیے۔ ایسی صورتحال میں فوری طور پر ایک جگہ بیٹھ جانا بہتر ہے تاکہ جسم پر اضافی دباؤ نہ پڑے۔

عام طور پر لوگ اس موقع پر غلطی سے سر کو پیچھے کی طرف جھکا لیتے ہیں یا لیٹ جاتے ہیں، تاہم جدید طبی تحقیق کے مطابق یہ طریقہ نقصان دہ ہو سکتا ہے کیونکہ اس سے خون حلق کی طرف جا کر کھانسی، متلی یا سانس کی تکلیف کا باعث بن سکتا ہے۔

درست طریقہ یہ ہے کہ متاثرہ شخص اپنا سر معمولی سا آگے کی طرف جھکائے اور آرام سے بیٹھا رہے تاکہ خون ناک کے ذریعے باہر نکل سکے اور حلق میں داخل نہ ہو۔ اس دوران ناک کے بجائے منہ سے سانس لینے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ ناک کو آرام ملے اور خون کے جمنے کا عمل بہتر ہو سکے۔

اگر خون نہ رکے تو ناک کو نرمی سے دبانا مفید ثابت ہو سکتا ہے تاکہ اندرونی دباؤ پیدا ہو اور خون کا بہاؤ کم ہو جائے۔ تاہم اس عمل میں سختی سے ناک کو دبانے سے گریز کرنا ضروری ہے۔

ماہرین یہ بھی تجویز کرتے ہیں کہ برف کا استعمال نکسیر روکنے میں مددگار ہوتا ہے۔ برف کو کسی صاف کپڑے میں لپیٹ کر ناک اور اس کے اطراف پر رکھنے سے سوزش کم ہوتی ہے اور خون کا بہاؤ جلد رک سکتا ہے۔

مستقبل میں اس مسئلے سے بچاؤ کے لیے پانی کا زیادہ استعمال، ناک میں نمی برقرار رکھنا اور ایئر کنڈیشنڈ ماحول میں احتیاط ضروری ہے۔ رات کے وقت ناک کے اندر ہلکا سا پیٹرولیم جیلی یا ناریل کا تیل لگانا خشکی کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

ماہرین کے مطابق دھوپ میں نکلتے وقت سر ڈھانپنا، ناک میں انگلی ڈالنے یا ناخن چبانے جیسی عادتوں سے پرہیز کرنا بھی اس مسئلے سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ زیادہ مرچ مصالحے اور گرم تاثیر والی غذاؤں سے بھی اجتناب بہتر ہے۔

اگر نکسیر بار بار ہو یا خون زیادہ دیر تک نہ رکے تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے تاکہ کسی بنیادی طبی مسئلے کی بروقت تشخیص ممکن ہو سکے۔

Source link

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

error: Content is protected !!
Scroll to Top