کراچی:
کراچی میں گارڈن پولیس کراچی نے شہر بھر میں کوکین اور دیگر مہلک منشیات کی سپلائی میں مبینہ طور پر ملوث ایک اہم کردار کی گرفتاری ظاہر کی ہے جس کی شناخت انمول عرف پنکی کے نام سے بتائی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمہ کو متعدد اداروں بشمول اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے بھی مطلوب قرار دیا گیا تھا اور وہ مبینہ طور پر مختلف مقدمات میں مفرور تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ملزمہ سے اسلحہ، راؤنڈز، کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، کیمیکل اور دیگر منشیات برآمد کی گئی ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمہ کراچی میں منشیات کی ایک منظم اور وسیع سپلائی چین چلا رہی تھی جس میں آن لائن آرڈرز اور مخصوص رائیڈرز کے ذریعے ترسیل کا نظام شامل تھا۔
پولیس کے مطابق اس نیٹ ورک میں خواتین رائیڈرز کا استعمال بھی کیا جاتا تھا تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظر سے بچا جا سکے۔
حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمہ کے مبینہ خریداروں میں تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہو سکتے ہیں جبکہ وہ روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے مالیت کی منشیات کی فروخت میں ملوث رہی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کے خلاف مختلف تھانوں میں درجنوں مقدمات درج ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد تک بھی پہنچا جا سکے۔

Muhammad Ramzan is a Pakistani journalist, digital content creator, and blogger with 7 years of experience in online media. He writes clear, well-researched, and easy-to-read articles on Islamic topics, Ramadan initiatives, government welfare programs, and community issues. Known for his authentic and heartfelt style, he connects deeply with readers across Pakistan.




